نئی دہلی،25؍فروری (ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )دہلی میونسپل کارپوریشن انتخابات کے لیے عام آدمی پارٹی کی دہلی اکائی نے 109امیدواروں کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے۔پارٹی نے 109وارڈوں کے لیے امیدوار کا اعلان کیا ہے ، ان 109میں سے 46سیٹیں خواتین کے لیے ریزرو تھیں۔پارٹی نے ان 46کے علاوہ 3غیر محفوظ سیٹوں پر بھی خاتون امیدواروں پر داؤ کھیلا ہے۔پارٹی کا کہنا ہے کہ 109امیدواروں میں سے 64پارٹی کے نوجوان چہرے ہیں۔پارٹی کے دہلی کنوینر دلیپ پانڈے نے اس سلسلے میں بتایا کہ تمام 272وارڈوں میں کارکنوں کی میٹنگیں بلا کر امیدواروں کے ناموں پر بحث کی جا رہی ہے، جن امیدواروں نے درخواست دی تھی ، ان کے ناموں پر کارکنوں کے علاوہ اسکریننگ کمیٹی کے ارکان نے بھی غور کیا اور اس کے بعد منتخب ممکنہ امیدواروں کی فہرست پارٹی کی پی اے سی کے سامنے رکھی گئی، پی اے سی نے آج غور کرنے کے لیے پیش کئے گئے تمام 109وارڈوں کے امیدواروں کے ناموں کو منظوری دی۔دلیپ پانڈے نے بتایا کی باقی وارڈوں میں امیدواروں کے انتخاب کا عمل جاری ہے اور جلد ہی تمام امیدواروں کی فہرست جاری کر دی جائے گی۔دلیپ پانڈے نے کہا کہ کانگریس اور بی جے پی نے دہلی کے میونسپل کارپوریشنوں میں گزشتہ 20 سالوں میں بدعنوانی کی حکمرانی قائم کر دی ہے۔اس بار دہلی کے لوگ میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں جھاڑو چلائیں گے اور دہلی کو بدعنوانی سے آزادی دلائیں گے۔